وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی ایک خاتون رہنما نے عمران خان کے حوالے سے غیر ملکی میڈیا اور سوشل میڈیا پر پاکستان دشمن مہم چلائی۔
اپنے بیان میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی، بشمول خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، نے ایسا سیاسی رویہ اپنایا ہے جس میں صوبے کے عوام کی ضروریات اور گورننس پسِ پشت چلی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی پوری توجہ ایک غیر قانونی مطالبے پر مرکوز ہے کہ کرپشن کے کیس میں سزا بھگتنے والے بانی سے ہی سیاسی رہنمائی لی جائے، جو کہ جیل رولز کے خلاف ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف حساس صوبہ ہونے کے باوجود صوبائی حکومت کی ترجیحات امن، ترقی اور عوامی ریلیف کی بجائے اسلام آباد میں غیر قانونی بیانیے کے گرد گھومتی رہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ تحریکِ انصاف کی ایک خاتون رہنما نے منفی حکمت عملی کے تحت افغانستان سے چلنے والے پاکستان دشمن اکاؤنٹس اور بھارتی میڈیا پر خان صاحب کے حوالے سے ایک مہم چلائی، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ ملک دشمن بیانیہ اور غلط ترجیحات ترک کر کے اب ریاست اور عوام کے مفاد کو مقدم رکھے۔









