اسلام آباد (طارق محمود سمیر) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) کی مقامی صنعت کو فروغ دینے والی پالیسی کو ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے تحت پاکستانی صنعتوں کو 12.673 ارب روپے کے معاہدے دیے گئے ہیں۔
وزیر توانائی نے بتایا کہ مقامی سطح پر تیار کردہ کنڈکٹرز کے استعمال سے درآمدی انحصار میں کمی آئی ہے اور لاگت میں تقریباً 40 فیصد تک کی مؤثر بچت ممکن ہوئی۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ نتائج حکومت کی ان اصلاحات کا عملی ثبوت ہیں جن کا مقصد مقامی پیداوار کو فروغ دینا، درآمدات پر انحصار کم کرنا اور معیشت کے لیے فوائد فراہم کرنا ہے۔
سردار اویس لغاری نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت مقامی صنعتوں کو ایجوکیشنل آرڈرز، بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ منصوبے، اور مقامی ذیلی اداروں کے قیام کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ اب تک وزیر کی قیادت میں 900 ملین روپے مالیت کے 9 ایجوکیشنل آرڈرز جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 11 مقامی کمپنیوں کو استعداد کار بڑھانے کے لیے رجسٹر کیا گیا ہے، جس سے ملک کی صنعتی بنیاد مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پالیسی کے اثرات صرف لاگت میں کمی تک محدود نہیں بلکہ یہ زر مبادلہ کے تحفظ کے ذریعے مجموعی معاشی استحکام میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ مقامی سطح پر تیار شدہ مواد کی بروقت فراہمی سے منصوبوں کی جلد تکمیل ممکن ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر کی ترقی میں تیزی آ رہی ہے۔
سردار اویس لغاری نے آئندہ کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مقامی پیداوار کا فروغ برآمدات پر مبنی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے، خصوصاً اسٹیل، کیبل اور کنڈکٹر کے شعبوں میں جہاں مقامی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاور ڈویژن صنعتی خود کفالت اور پائیدار معاشی استحکام کے فروغ کے لیے ایسی پالیسیوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گا۔
وفاقی وزیر توانائی: نیشنل گرڈ کمپنی کی مقامی صنعت فروغ پالیسی اہم کامیابی ہے








