اسلام آباد (طارق محمود سمیر) وفاقی وزیر برائے کشمیر امور، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام نے بدھ کے روز نگراں وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان، جسٹس (ر) یار محمد خان سے ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملک کے تمام علاقوں، خاص طور پر گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار ترقی کے لیے امن و امان کا قیام ناگزیر ہے، اور سیاحت کے فروغ کے لیے پرامن ماحول بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد خان نے وفاقی وزیر کے کردار کو سراہتے ہوئے گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام اور ترقیاتی عمل میں وفاقی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی معاونت سے خطے میں ترقیاتی منصوبوں کو مزید تقویت ملے گی۔
اس ملاقات میں وفاقی سیکریٹری برائے کشمیر امور، گلگت بلتستان و سیفران، ظفر حسن، اور ایڈیشنل سیکریٹری کامران الرحمٰن بھی موجود تھے۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے نگراں وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان کی ملاقات








