ملیالم ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار سدھارتھ وینوگوپل (Siddharth Venugopal) طویل علالت کے بعد 41 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس کی خبر نے مداحوں اور شوبز حلقوں کو گہرے صدمے اور افسوس میں مبتلا کر دیا ہے۔
اداکارہ سیما جی نائر نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام میں کہا کہ وہ گزشتہ دو برس سے سدھارتھ کی صحت یابی کے لیے مسلسل کوشش کرتی رہیں، مگر اب قدرت نے انہیں مزید تکلیف سے نجات دے دی۔
مزید پڑھیں:اریکا حق اور عاشر وجاہت کی قربتیں، رشتہ کیا ہے؟
اداکار کشور ساتھیا نے بھی ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سدھارتھ ٹی وی ناظرین کے لیے ایک مانوس اور مقبول چہرہ تھے، جو کافی عرصے سے کینسر کے خلاف بہادری سے لڑ رہے تھے۔ انہوں نے سیما جی نائر کی خدمات کو بھی سراہا۔
سدھارتھ کا تعلق چالاکوڈی، ضلع تریسور سے تھا۔ انہوں نے کالج کے زمانے میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور ابتدا بطور پریزینٹر کی، بعد ازاں متعدد معروف ملیالم ٹی وی سیریلز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
وہ اپنے سوگواران میں والدہ اور ایک چھوٹے بھائی کو چھوڑ گئے ہیں۔









