اسلام آباد میں وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا آئندہ اجلاس ارباب نیاز اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کے فیصلے پر شدید ردعمل دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ اسٹیڈیم کھیلوں کے لیے بنائے جاتے ہیں، نہ کہ اسمبلی اجلاسوں کے انعقاد کے لیے۔ انہوں نے اس فیصلے کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب اسمبلی کی باقاعدہ عمارت تمام ضروری سہولیات کے ساتھ موجود ہے تو پھر اسٹیڈیم کا انتخاب سمجھ سے بالاتر ہے اور یہ اقدام محض ایک بھونڈا مذاق محسوس ہوتا ہے۔
امیر مقام نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پشاور میں تو ارباب نیاز اسٹیڈیم موجود ہے، لیکن “عمران خان اسٹیڈیم” کہاں ہے، اس بارے میں کوئی واضح معلومات نہیں۔ ان کے مطابق اسمبلی اجلاس کو اسٹیڈیم میں منتقل کرنا دراصل ایک سیاسی ڈرامہ ہے جس کا مقصد عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا ہے۔
انہوں نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے، جبکہ صوبہ اس وقت بدترین طرزِ حکمرانی، بدامنی اور معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے بجائے نمائشی اقدامات اور سیاسی شو بازی کو ترجیح دی جا رہی ہے، جو کسی طور قابل قبول نہیں۔









