بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی وزیرجنید انوار چوہدری کی ہدایت پر کراچی پورٹ سکیورٹی فورس کی زیر التوا ترقیوں کا مسئلہ حل

 وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری(Muhammad Junaid Anwar Chaudhry) نے 24 سال سے زیر التوا کراچی پورٹ سیکیورٹی فورس کے 170 اہلکاروں کی ترقیوں کا اعلان کر دیا، جو اس فورس کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

وزیر بحری امور کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے بندرگاہ کی سیکیورٹی فورس کو درپیش اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے اس پیش رفت کو ایک بڑا انتظامی بریک تھرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دو دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری پیشہ ورانہ جمود کا خاتمہ ہوا ہے۔

محمد جنید انوار چوہدری نے اپنی قیادت میں کے پی ٹی کی نئی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام قواعد و ضوابط کو مکمل کرتے ہوئے ترقیوں کا عمل شفاف انداز میں پایۂ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ انہوں نے اس اقدام کو ایک اور کامیاب مثال قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ سروس کی مدت اور کارکردگی کی بنیاد پر بروقت اور شفاف ترقیوں کے نظام کو ادارہ جاتی شکل دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام محض ایک وقتی فیصلہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے مستقل اور پائیدار نظام کا حصہ بنایا جائے، کیونکہ مضبوط ہیومن ریسورس پالیسیز قومی اہمیت کے حامل اداروں میں مورال اور کارکردگی بڑھانے کے لیے ناگزیر ہیں۔

مزیدپڑھیں:اقبال نے امت کو خودی، عمل اور بیداری کا درس دیا، صدر مملکت

چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے بتایا کہ طریقہ کار کی پیچیدگیوں کے باعث یہ معاملہ برسوں تاخیر کا شکار رہا، تاہم اب تمام قانونی تقاضے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فیصلے سے اہلکاروں کا مورال بلند ہوگا اور بندرگاہ کی سیکیورٹی مزید مؤثر ہوگی۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ کراچی پورٹ سیکیورٹی فورس ملک کی مصروف ترین بحری گزرگاہوں کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، اور اس نوعیت کے سروس سے متعلق مسائل کے حل سے نہ صرف اہلکاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ ادارہ جاتی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔