بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی: پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک، دو زخمیوں سمیت 4 گرفتار

شہر میں مختلف علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں(law enforcement agencies) کی کارروائیوں کے دوران مبینہ مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 2 زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، اس کے علاوہ مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 4 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق ملیر سٹی کے علاقے باون شاہ مزار کے قریب مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت 23 سالہ علی احمد کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

دوسری کارروائی میں نارتھ ناظم آباد کے علاقے عبداللہ کالج کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو مارا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی تاہم اس کی شناخت فوری طور پر ممکن نہ ہو سکی، جس کی لاش سرد خانے منتقل کر دی گئی۔

مزیدپڑھیں:ٹرمپ کے لیے بڑا امتحان، جنگ جاری رکھنے کیلئے کانگریس سے منظوری میں ایک ہفتہ باقی

ایک اور واقعے میں ناظم آباد جہانگیر آباد ندی کے قریب مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوا، جس کی شناخت 22 سالہ رشید کے نام سے ہوئی۔ لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ادھر نیو کراچی سیکٹر 11-D شمس تبریز گراؤنڈ کے قریب کارروائی کے دوران پولیس نے ایک زخمی سمیت دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔ زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرے ملزم نے اپنا نام عبدالمالک بتایا۔ دونوں سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔

علاوہ ازیں سندھ رینجرز نے خفیہ اطلاع پر سہراب گوٹھ کے علاقے حسن نعمان کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث گروہ کے ایک اہم رکن کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج ہے۔

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔