وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک(Ali Pervaiz Malik) کا کہنا ہے کہ علاقائی کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ ہو رہا ہے۔
اپنے بیان میں وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ عالمی شراکت داروں سے معاہدوں کی وجہ سے حکومت کو اضافے کا بوجھ منتقل کرنے کیلئے اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ جس قدر ممکن ہوا، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کو برداشت کیا، دعا ہے جلد علاقائی امن میں پیش رفت ہو اور عوام کو قیمتوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
خیال رہے کہ پیٹرولیم ڈویژن نے ایک ہفتے کےلیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا اعلان کردیا۔
مزیدپڑھیں:پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر مہنگا، نوٹیفکیشن جاری
پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے ہوگئی۔
ڈیزل کی قیمت میں بھی 26 روپے 77 پیسے اضافہ کیا ہے، نئی قیمت 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔









