بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سپلائی محدود اور طلب بڑھنے سے گندم کی قیمتیں مزید اوپر جانے کا امکان

ملک بھر خصوصاً پنجاب (Punjab)اور سندھ(Sindh) کی گندم منڈیوں میں آج بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں مختلف اضلاع اور بڑے تجارتی مراکز میں گندم کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق فلور ملوں کی بڑھتی ہوئی خریداری، بین الصوبائی طلب میں اضافے، پرمٹ اجرا اور محدود سپلائی کے باعث گندم کے نرخ مستحکم ہونے کے ساتھ مضبوط سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ پنجاب کی مختلف منڈیوں میں گندم کی قیمتوں میں مسلسل بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ لاہور میں گندم 3900 سے 3950 روپے فی من کے درمیان فروخت ہوئی جبکہ فیصل آباد میں نرخ 3850 سے 3900 روپے فی من رہے۔ اسی طرح اوکاڑہ میں گندم 3875 سے 3900 روپے فی من میں فروخت کی گئی۔

مزیدپڑھیں:جیٹ فیول سستا، فضائی کرایوں میں کمی کا امکان

جنوبی پنجاب کی منڈیوں میں بھی قیمتوں میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں رحیم یار خان میں پُرمل گندم 4150 سے 4200 روپے فی من تک فروخت ہوئی، جو حالیہ دنوں میں بلند ترین سطحوں میں شمار کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سندھ خصوصاً کراچی کی گندم مارکیٹ بھی مضبوط رہی، جہاں تاجروں کے مطابق طلب میں اضافے اور سپلائی محدود ہونے کے باعث نرخوں میں استحکام کے ساتھ تیزی برقرار ہے۔

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فلور ملوں کی خریداری اور بین الصوبائی طلب کا یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں گندم کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی دیکھنے میں آ سکتا ہے، جس کے اثرات آٹے کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔