بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک فوج کا ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح ٹو (ای آر)کا کامیاب تجربہ

پاکستان کی مسلح افواج نے جدید ترین ٹیکنالوجی اور توسیع شدہ رینج کے حامل ہائپرسونک بیلسٹک میزائل ’فتح ٹو (ای آر)‘ کا کامیا ب تجربہ کر لیا ہے، جس کا مقصد ملکی دفاع اور آپریشنل رسائی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ’فتح ٹو (ای آر)‘ جدید ترین نیویگیشن سسٹم اور جدید ایونکس سے لیس ہے، جس کی سب سے بڑی خصوصیت پرواز کے دوران اپنی سمت اور راستہ تبدیل کرنا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ میزائل دشمن کے کسی بھی جدید ترین میزائل دفاعی نظام کو باآسانی ناکام بناتے ہوئے انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے طے شدہ اہداف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس توسیع شدہ رینج کی بدولت پاک فوج کی آپریشنل رسائی اور دور دراز اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی طاقت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اس اہم اور تاریخی تجربے کا براہِ راست مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر پاک فضائیہ و بری افسران اور سائنسی و انجینئرنگ کمیونٹی نے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی انتھک محنت، لگن اور اعلیٰ تکنیکی مہارت کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ دوسری جانب صدرِ مملکت، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے اس کامیاب تجربے پر تمام سائنسدانوں، انجینئرز اور قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ملکی دفاع کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔