چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت منعقدہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سینئر قانون دان احسن بھون کی تعلیمی ڈگری کی مکمل تصدیق کرتے ہوئے اسے اصلی قرار دے دیا گیا ہے.
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق سیکرٹری جوڈیشل کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے احسن بھون ایڈوکیٹ کے خلاف دائر کردہ شکایت پیش کی، جس میں ان کی تعلیمی قابلیت، قانونی انرولمنٹ اور پروفیشنل کریڈینشلز کو چیلنج کرتے ہوئے ڈگری کو جعلی قرار دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق سیکرٹری نے کمیشن کو بتایا کہ یہ شکایت تبصرے اور تفصیلی انکوائری کے لیے سیکرٹری پاکستان بار کونسل کو بھجوائی گئی تھی۔ پاکستان بار کونسل نے اپنے تحریری جواب میں مطلع کیا کہ بار کونسل کے انتخابات کے موقع پر بطور کامیاب امیدوار احسن بھون کی ڈگری کی باقاعدہ تصدیق کروائی گئی تھی۔ کونسل کے مطابق ریٹرننگ افسر (اٹارنی جنرل آف پاکستان) نے دو بار ڈگری کی تصدیق کی، جبکہ پہلی تصدیق سال 2021 میں عمل میں آئی تھی۔
جوڈیشل کمیشن کے اعلامیے میں مزید واضح کیا گیا کہ سال 2026 میں بھی پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے تمام ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد احسن بھون کی ڈگری کے اصلی اور درست ہونے کی باقاعدہ تصدیق کی گئی ہے۔ دریں اثناء اسی اجلاس کے دوران کمیشن نے کثرتِ رائے سے فیصلہ کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کی مدتِ ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی بھی منظوری دے دی ہے۔









