محکمہ صحت سندھ نے ایبولا وائرس(E bola Virus) کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے مسافروں کی سخت نگرانی اور آئسولیشن سسٹم فوری فعال کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
عالمی سطح پر ایبولا وائرس کو پبلک ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیے جانے کے بعد سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ہنگامی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خصوصی حفاظتی اقدامات نافذ کیے جا رہے ہیں تاکہ وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
محکمہ صحت سندھ کے اسپیشل سیکریٹری صحت فواد غفار سومرو کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں ایئرپورٹ پر آنے والے مسافروں کی اسکریننگ، فوری طبی ردعمل اور مشتبہ مریضوں کیلئے آئسولیشن سسٹم کو مکمل فعال رکھنے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایئرپورٹ پر 24 گھنٹے ایمبولینس سروس موجود رہے گی جبکہ پی پی ای کٹس اور دیگر ہنگامی طبی سامان کے ذخیرے کیلئے الگ اسٹور روم بھی قائم کیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:پی ٹی آئی کے 50 سے زائد ایم پی ایز نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کیخلاف گروپ بنالیا
اجلاس کے دوران ڈاکٹر سید ظفر مہدی نے مسافروں کی کڑی نگرانی اور فوری ردعمل کو ناگزیر قرار دیا جبکہ ڈاکٹر وقار میمن نے طبی عملے کی تربیت اور آگاہی پر زور دیا۔
محکمہ صحت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کیلئے بھی خصوصی حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ ایبولا وائرس سے نمٹنے کیلئے طبی عملے کیلئے خصوصی تربیتی سیشنز اور موک ایکسرسائز کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔









