بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیویارک میں اسرائیل ڈے پریڈ: میئر ظہران ممدانی کی عدم شرکت، سکیورٹی ہائی الرٹ

نیویارک: شہر کے میئر ظہران ممدانی (Zahran Mamdani) نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس سال ہونے والی اسرائیل ڈے پریڈ میں شرکت نہیں کریں گے، جبکہ تقریب کے موقع پر شہر میں غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل ڈے پریڈ اتوار کو نیویارک کی ففتھ ایونیو پر منعقد ہوگی، جس میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اس بڑے اجتماع کے پیش نظر پولیس نے سکیورٹی کو انتہائی سخت سطح پر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیویارک پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش نے بریفنگ میں کہا کہ اس سال پریڈ کے لیے اب تک کا سخت ترین سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات اور یہود مخالف واقعات کے پیش نظر کسی بھی نرمی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

مزید پڑھیں؛یورپ کا مؤقف واضح: روس یوکرین جنگ میں غیرجانبدار ثالثی ممکن نہیں، کاجا کالاس

میئر ظہران ممدانی نے واضح کیا کہ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران ہی یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں کے باعث اس تقریب میں شریک نہیں ہوں گے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام شہریوں کی حفاظت ان کی ذمہ داری ہے اور پولیس مکمل طور پر الرٹ رہے گی۔

انتظامیہ کے مطابق پریڈ میں شرکت کرنے والے افراد کو سخت سکیورٹی اسکریننگ سے گزرنا ہوگا، جبکہ بڑے بیگز، ہتھیار، کرسیاں اور بڑے جھنڈے لانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں کیونکہ متعدد سڑکیں بند رہیں گی۔

رپورٹس کے مطابق سابق میئر ایرک ایڈمز پریڈ میں شریک ہوں گے، جبکہ پولیس نے واضح کیا ہے کہ سکیورٹی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔