حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق نئی ایڈجسٹمنٹ کرتے ہوئے پیٹرول پر پٹرولیم لیوی(Petroleum Levy) میں 24 روپے 74 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔
لیوی میں اضافے کے بعد پیٹرول پر پٹرولیم لیوی بڑھ کر 116 روپے 8 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 24 روپے 34 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 68 روپے 93 پیسے سے کم ہو کر 44 روپے 59 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل پر پٹرولیم لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے، تاہم مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 70 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 280 روپے 70 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 272 روپے فی لیٹر تھی۔
مزیدپڑھیں:مرحوم اداکار شفیع محمد شاہ کی بیٹی انتقال کر گئیں
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 4 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر پر برقرار ہے۔









