بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ 2026ء کا شیڈول جاری، امتحان کب ہو گا؟

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل(PM&DC) نے ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے منعقد ہونے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026ء کے شیڈول اور رجسٹریشن پالیسی کا اعلان کر دیا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 16 اگست 2026ء بروز اتوار صبح 10 بجے منعقد ہو گا جب کہ امیدواروں کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 22 جون سے ہو گا۔

پی ایم ڈی سی نے بتایا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل 8 جولائی تک جاری رہے گا جب کہ لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن 13 جولائی تک کروائی جا سکے گی۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق پاکستان میں ایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن فیس 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، لیٹ رجسٹریشن فیس 13 ہزار روپے ہو گی جب کہ بین الاقوامی ٹیسٹ سینٹرز کے لیے رجسٹریشن فیس 45 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ تمام فیسیں ناقابلِ واپسی اور ناقابلِ منتقلی ہوں گی۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، خیبر پختون خوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے تحت کیا جائے گا۔

پی ایم ڈی سی نے بتایا ہے کہ اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاض میں امتحان کا انعقاد شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے زیرِ انتظام ہو گا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق سندھ کے امیدوار کراچی، حیدرآباد، میر پور خاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں قائم مراکز میں امتحان دے سکیں گے جبکہ پنجاب کے امیدوار 14 مختلف شہروں میں ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔

مزیدپڑھیں:ایران امریکا معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل بحال

پی ایم ڈی سی نے بتایا ہے کہ خیبر پختون خوا میں پشاور، مردان، سوات اور ایبٹ آباد سمیت 8 شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے جبکہ بلوچستان کے امیدوار کوئٹہ میں امتحان دے سکیں گے اور بین الاقوامی امیدواروں کے لیے ریاض میں ٹیسٹ سینٹر قائم کیا جائے گا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایک مرتبہ منتخب کیا گیا امتحانی مرکز بعد میں تبدیل نہیں کیا جا سکے گا۔

پی ایم ڈی سی نے بتایا ہے کہ ایم ڈی کیٹ 180 کثیرالانتخابی سوالات پر مشتمل ہو گا اور امتحان میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہو گی، غلط جواب دینے پر امیدواروں کے نمبر نہیں کاٹے جائیں گے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق امیدواروں کو ایم ڈی کیٹ پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن مکمل کرنا ہو گی جب کہ نامکمل درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔

پی ایم ڈی سی نے مزید بتایا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا سلیبس اور دیگر تفصیلات پی ایم ڈی سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔

پی ایم ڈی سی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر امتحانی شیڈول میں تبدیلی کا اختیار کونسل کے پاس محفوظ ہو گا۔