وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گولڑہ موڑ کے قریب سی این جی اسٹیشن پر آتشزدگی کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔
کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے ترجمان کے مطابق واقعہ پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب واقع سی این جی اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں دھماکے کے باعث آگ لگی۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق 45 سالہ عقیل بٹ ولد نصیر احمد 100 فیصد جھلسنے کے باعث جاں بحق ہو گئے جبکہ 32 سالہ سجن ولد جاوید 50 فیصد، 32 سالہ محمد قیوم ولد محمد صادق 60 فیصد اور 30 سالہ محمد تحسین ولد الطاف حسین 70 فیصد جھلس گئے، جو قائد اعظم اسپتال اسلام آباد میں زیر علاج ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 راولپنڈی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جن کے فائر فائٹرز نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
مزید پڑھیں:وزیر داخلہ کا اسلام آباد میں مین ہٹن طرز کا نیا شہر آباد کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان
ترجمان کے مطابق ریسکیو آپریشن میں 10 ایمرجنسی گاڑیوں اور 25 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ آتشزدگی کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں، اس سلسلے میں جانچ پڑتال جاری ہے۔









