بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اگلا ہدف ’معرکۂ معیشت‘، برآمدات، سرمایہ کاری بڑھانا ہوگی: احسن اقبال

فلوریڈا:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن (Planning Commission) نے کہا کہ پاکستان کا اگلا ہدف ’معرکۂ معیشت‘ ہے، برآمدات اور سرمایہ کاری بڑھانا ہوگی۔
احسن اقبال نے امریکہ کے شہر اورلینڈو میں ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (APPNA) 49ویں سالانہ کنونشن میں شرکت کی اور پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور پیشہ ور افراد سے ملاقاتیں کیں۔

اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور قومی تعمیر میں فعال کردار ادا کریں۔ حکومت ’اڑان پاکستان‘ ویژن کے تحت انسانی وسائل، معیاری تعلیم، صحت، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو قومی ترقی کا بنیادی ستون بنا رہی ہے۔

احسن اقبال نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کو پاکستان کے صحت کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے کی دعوت دیتے ہوئے ٹیلی میڈیسن بیک اپ ماڈل تجویز کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک کے 60 اضلاع کے لیے امریکہ میں مقیم ماہر ڈاکٹروں کے پینلز تشکیل دیے جائیں تاکہ نوجوان ڈاکٹروں کو جدید ڈیجیٹل ذرائع سے طبی مشاورت فراہم کی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے مصنوعی ذہانت پر مبنی صحت کی سہولیات، ڈیجیٹل ہیلتھ پلیٹ فارمز اور جدید طبی ٹیکنالوجی کے فروغ میں اوورسیز پاکستانی ماہرین کے تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو ہیپاٹائٹس سی، ذیابیطس، تپ دق، پولیو، آبادی میں اضافے اور غذائی قلت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے مربوط قومی حکمت عملی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل پاپولیشن کونسل کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جبکہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں جاری ہیں اور ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے جلد ملک گیر مہم شروع کی جائے گی۔

سوال و جواب کے سیشن میں احسن اقبال نے کہا کہ جمہوری معاشروں میں اختلافِ رائے ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم سیاسی اختلافات کو ریاستی اداروں یا پاکستان کے عالمی تشخص کو نقصان پہنچانے کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔

بعد ازاں پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں میں انہوں نے برآمدات، ٹیکنالوجی شراکت داری اور پیداواری سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’اڑان پاکستان‘ کے تحت حکومت برآمدات پر مبنی، جدت اور علم پر استوار معیشت کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ’معرکۂ حق‘ کے بعد پاکستان کا اگلا بڑا ہدف ’معرکۂ معیشت‘ ہے، جس میں برآمدات، صنعتی مسابقت، جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے ذریعے معاشی قوت حاصل کرنا ہوگی۔

مزید پڑھیں:میکسیکو کی فتح کے بعد شائقین کا جشن، زمین میں زلزلے کی لہریں ریکارڈ

احسن اقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت قانون کی حکمرانی، پالیسیوں کے تسلسل، سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔