بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ڈنکی لگانیوالے 12 نوجوان لاپتا، اغواکاروں کا اہلخانہ سے رقم کا مطالبہ

بیرون ملک غیرقانونی راستے سے جانے کی کوشش کرنے والے 12 پاکستانی نوجوان لاپتا ہو گئے، جن کے اہل خانہ نے اغوا اور تاوان کا دعویٰ کرتے ہوئے حکومت سے فوری مدد کی اپیل کر دی۔

اہل خانہ کے مطابق لاپتا ہونے والے 12 نوجوانوں میں سے 7 کا تعلق لاہور کے علاقے باٹاپور سے ہے، جبکہ تین کزن دلشاد، اسامہ اور وقاص بھی ان میں شامل ہیں۔

خاندانوں کا کہنا ہے کہ عامر نامی ایک ایجنٹ لاکھوں روپے وصول کرکے نوجوانوں کو اپنے ساتھ لے گیا۔ ایران پہنچنے کے بعد نوجوانوں نے اہل خانہ سے رابطہ کیا، تاہم اس کے بعد ان سے تمام رابطہ منقطع ہوگیا۔

اہل خانہ کے مطابق بعد ازاں وقاص کے موبائل نمبر سے مزید رقم کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ ایجنٹ نے تین نوجوانوں کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز بھی خاندانوں کو بھیجیں۔

ویڈیوز میں نوجوان انتہائی خراب حالت میں دکھائی دے رہے ہیں، ان کے گلے میں زنجیریں بندھی ہوئی ہیں اور وہ روتے ہوئے گھر والوں سے رقم بھیجنے کی اپیل کر رہے ہیں۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ابتدا میں فی کس 10،10 لاکھ روپے طلب کیے گئے، جو ادا کر دیے گئے، تاہم اب ہر نوجوان کی رہائی کے لیے مزید 6 ہزار امریکی ڈالر مانگے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ رقم نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔

متاثرہ خاندانوں کے مطابق عامر نامی ایجنٹ بھی اسی علاقے کا رہائشی ہے اور اس نے نوجوانوں کو ڈنکی لگوا کر بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دیا تھا۔

مزید پڑھیں:اسرائیل پر حملہ کیا تو ایران کو پہلے سے سخت جواب دینگے؛ نیتن یاہو

مغوی نوجوانوں کے اہل خانہ نے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں درخواست جمع کرا دی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوانوں کی بازیابی اور ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔