بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک ترکیہ دوستی ناقابلِ شکست، ہر مشکل میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہیں: عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ترکیہ کے ’’یومِ جمہوریت اور قومی یکجہتی‘‘ کی دسویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور لازوال تعلقات کو دونوں ممالک کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ پاک ترک تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے 15 جولائی 2016 کی ناکام بغاوت کے دوران وطن پر جان نچھاور کرنے والے 250 ترک شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں جمہوریت، قومی یکجہتی اور آزادی کی علامت ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ایسی عظیم قربانیاں قوموں کو ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ اور عزم عطا کرتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صدر **رجب طیب اردوان** کی قیادت میں ترکیہ نے معاشی، دفاعی اور سفارتی میدانوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور آج ایک مضبوط علاقائی و عالمی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صرف حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھی گہرے محبت، اعتماد اور بھائی چارے کے رشتے موجود ہیں۔ انہوں نے اپنے حالیہ دورۂ استنبول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وہاں پاکستانیوں کے لیے ترک عوام کی محبت اور احترام کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ترکیہ کے مؤقف کی حمایت کی ہے، جبکہ ترکیہ نے بھی مسئلہ کشمیر سمیت ہر اہم قومی معاملے پر پاکستان کی بھرپور اخلاقی اور سفارتی حمایت کی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید وسعت دے کر ترقی، خوشحالی اور علاقائی استحکام کے نئے اہداف حاصل کریں گے۔

مزید پڑھیں:لیاری میں سیاسی جماعت کے دفتر پرروسی ساختہ دستی بمکا حملہ، 3 افراد زخمی

انہوں نے ترک قیادت اور عوام کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے محبت اور خیرسگالی کے جذبات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک ترک دوستی نسل در نسل منتقل ہونے والی ایک تاریخی میراث ہے، جسے آئندہ بھی مزید مضبوط بنایا جائے گا۔