بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ریاض میں گیس سلینڈر دھماکا، 6 پاکستانی جاں بحق، سفارت خانہ متحرک

سعودی عرب (Saudiarabia)کے دارالحکومت ریاض میں گیس سلینڈر دھماکے کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے۔

افسوسناک واقعے کے بعد پاکستانی سفارت خانہ متاثرہ خاندانوں کی مدد اور قانونی کارروائی کے لیے سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ گزشتہ شب ریاض کے علاقے منفوحہ میں پیش آیا، جہاں گیس سلینڈر میں زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے باعث متعدد افراد متاثر ہوئے، جن میں 6 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ سعودی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم واقعے کی حتمی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی۔

مزیدپڑھیں:ماڈل ہما سلیم کا مشہور کرکٹر پر ہراساں کرنے کا سنگین الزام

پاکستانی سفارت خانے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق افراد کی میتوں کی وطن واپسی، ضروری دستاویزات اور دیگر قانونی امور کی تکمیل کے لیے سعودی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔

سفارت خانے کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سفارتی معاونت فراہم کی جائے گی اور تمام ضروری اقدامات جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہری مختلف شعبوں میں ملازمت کرتے ہیں، اور ایسے حادثات کی صورت میں پاکستانی سفارت خانہ متاثرہ افراد اور ان کے اہلِ خانہ کی معاونت کے لیے متحرک رہتا ہے۔