بھارتی سینئر اداکار پریش راول(Paresh Rawal) نے پہلی بار ان وجوہات سے پردہ اٹھایا ہے جن کی بنا پر انہوں نے ’او ایم جی 2‘ میں کام کرنے سے انکار کیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں پریش راول نے بتایا کہ انہوں نے ہدایت کار اور مصنف امیت رائے کے ساتھ مل کر جنسی تعلیم (سیکس ایجوکیشن) پر مبنی ایک الگ فلم کا تصور پیش کیا تھا۔
اداکار کے مطابق کہانی کا اصل تصور انہی کا تھا اور یہ کہانی ایک ایسے لڑکے کے گرد گھومتی تھی جس کی نامناسب ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس کی زندگی مشکلات کا شکار ہو جاتی ہے جبکہ اس کا والد اس کے لیے انصاف کی جدوجہد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’کہانی میں ایک ایسے کردار کی ضرورت تھی جو والد کی رہنمائی کرے، مگر وہ خدا نہ ہو۔ پہلی ’او ایم جی‘ میں خدا کا کردار اس لیے تھا کیونکہ مقدمہ خدا کے خلاف تھا، لیکن اس نئی کہانی میں اس کی ضرورت نہیں تھی۔‘‘
پریش راول کا کہنا تھا کہ ’’فلم کو تعلیمی، دلچسپ اور غیر فحش بنانے کے لیے معروف سیکسولوجسٹ ڈاکٹر پرکاش کوتھاری کو بھی شامل کیا گیا اور اس حوالے سے کئی ملاقاتیں ہوئیں۔
اداکار نے انکشاف کیا کہ ’’اس کردار کے لیے پہلے سلمان خان اور پھر اجے دیوگن سے رابطہ کیا، تاہم دونوں نے موضوع غیر روایتی ہونے کی وجہ سے فلم کرنے سے انکار کر دیا۔ پہلے اکشے کمار سے رابطہ نہیں ہوا تھا کیونکہ یہ فلم ’او ایم جی 2‘ کے طور پر نہیں بلکہ ایک الگ منصوبے کے طور پر تیار کی جا رہی تھی۔‘‘
پریش راول کے مطابق امیت رائے نے انہیں بتایا کہ اکشے کمار فلم کرنا چاہتے ہیں، لیکن اسکرپٹ پر عارضی طور پر ’او ایم جی 2‘ لکھا ہوا تھا۔ اس بنا پر انہوں نے امیت رائے سے کہا کہ وہ اس منصوبے کا حصہ نہیں بننا چاہتے کیونکہ یہ ان کے اصل تصور سے مختلف ہو چکا ہے۔
مزیدپڑھیں:وکی کوشل کی کترینہ کیف کو منفرد انداز میں سالگرہ کی مبارکباد مداحوں کو بھا گئی
اداکار نے بتایا کہ انہوں نے امیت رائے سے بار بار کہا کہ اس فلم کو فرنچائز کا حصہ نہ بنایا جائے کیونکہ یہ دراصل ’او ایم جی‘ کا سیکوئل نہیں تھی، تاہم اس کے باوجود فلم اسی انداز میں بنائی گئی۔
پریش راول نے مزید کہا کہ ’’مجھے اکشے کمار نے بھی فلم میں کام کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، لیکن میں نے انکار کر دیا کیونکہ نئی کہانی میں دوبارہ خدا کا کردار شامل کر دیا گیا، جو ان کے اصل تصور کا حصہ نہیں تھا۔‘‘
واضح رہے کہ ’او ایم جی 2‘ میں پنکج ترپاٹھی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جبکہ یامی گوتم بھی اہم کردار میں نظر آئیں۔ فلم میں اکشے کمار نے خدا کا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اسے اپنی پروڈکشن کمپنی کے تحت پروڈیوس بھی کیا جبکہ امیت رائے اس کے مصنف اور ہدایت کار تھے۔









