پیرو(Peru) میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں مسافر بس گہری کھائی میں جاگری جس کے باعث 14 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔
حادثہ ملک کے شمالی پہاڑی علاقے کاجامارکا کے ضلع سان جوان میں پیش آیا، جہاں سڑکیں تنگ اور دشوار گزار سمجھی جاتی ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق بس میں 19 افراد سوار تھے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں، پولیس اور مقامی رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور کئی گھنٹوں کی کارروائی کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو کھائی سے نکالا۔
مزیدپڑھیں:دنیا میں ہر دسواں شخص انتہائی غریب، 2.3 ارب افراد بھوکے سوتے ہیں: اقوام متحدہ
زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی اصل وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آسکی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر تیز رفتاری، دشوار گزار پہاڑی راستہ یا تکنیکی خرابی حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پیرو میں پہاڑی علاقوں کی خطرناک سڑکوں پر اس نوعیت کے حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق تیز رفتاری، سڑکوں کی خراب حالت اور بعض اوقات گاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونا ایسے سانحات کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔









