کے الیکٹرک(K-Electric) انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر 200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے پر پروٹیکٹڈ کیٹیگری صارف کی سہولت ختم ہونے سے متعلق وضاحت جاری کردی۔
اس حوالے سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ صارف کی پروٹیکٹڈ کیٹیگری کی سہولت 200 یونٹس سے زائد استعمال پر بھی فوری طور پر مستقل طور پر ختم نہیں ہوتی۔
نان ٹی او یو صارفین مسلسل 6 ماہ تک 200 یونٹ یا اس سے کم بجلی استعمال کرکے دوبارہ پروٹیکٹڈ کیٹیگری حاصل کرسکتے ہیں یہ سہولت ہمیشہ کیلیے ختم نہیں کی جاتی۔

ترجمان کے الیکٹرک نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پروٹیکٹڈ کیٹیگری سے متعلق بعض دعوے درست نہیں ہیں۔
مزیدپڑھیں:جرمنی میں ملازمت کے وسیع تر مواقع
واضح رہے کہ حالیہ ایام میں سوشل میڈیا پر ایک مبینہ نوٹس تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اگر کوئی پروٹیکٹڈ صارف ایک ماہ کے دوران 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرلے گا تو وہ ازخود مستقل طور پر پروٹیکٹڈ کیٹیگری سے خارج ہوجائے گا۔

تاہم کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صارفین کسی بھی غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں بلکہ اس کی تصدیق ادارے کے مستند اور سرکاری ذرائع سے ضرور کریں کیونکہ پروٹیکٹڈ کیٹیگری کی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔









