بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، سردار ایاز صادق

نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق(Ayaz Sadiq) نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور انہوں نے تعلیم، کھیل، سائنس، ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت کا لوہا منواتے ہوئے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ملکی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ حکومت پاکستان نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ پاکستان کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی بھی ایک قابلِ ستائش اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو پارلیمانی امور سے روشناس کرایا جا رہا ہے، جبکہ ینگ پارلیمنٹیرینز فورم نوجوانوں میں جمہوری شعور اجاگر کرنے، ان کے مسائل کو پارلیمان میں اجاگر کرنے اور نوجوانوں و پارلیمان کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

مزیدپڑھیں:نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے: صدر مملکت

سردار ایاز صادق نے کہا کہ نوجوانوں کی پارلیمانی عمل میں شمولیت جمہوریت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرکے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید ہنر، ٹیکنالوجی اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرکے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔