سابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سارو گنگولی نے کھیل کے میدان سے باہر ایک نیا چیلنج قبول کرتے ہوئے تقریباً ایک دہائی بعد ٹیلی ویژن کی دنیا میں بطور میزبان واپسی کرلی ہے۔
سارو گنگولی کو مقبول رئیلٹی شوبگ باس بنگلا کے تیسرے سیزن کی میزبانی سونپی گئی ہے، جس کی باقاعدہ نشریات 30 اگست سے شروع ہوچکی ہیں۔
سابق بھارتی کپتان کے لیے بگ باس بنگلا کی میزبانی ایک نئے تجربے کے طور پر سامنے آئی ہے۔ گنگولی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ماضی میں متعدد ٹی وی پروگراموں کی میزبانی کی، تاہم بگ باس کی میزبانی ان کے لیے بالکل مختلف تجربہ ہے۔
انہوں نے بگ باس کو ملک کے سب سے بڑے رئیلٹی شوز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام کی وسیع مقبولیت اور مختلف زبانوں میں اس کے پھیلاؤ نے اسے دیگر ٹی وی شوز سے منفرد مقام دلایا ہے۔
گنگولی کے لیے یہ ذمہ داری اینڈیمول شائن انڈیا کے ساتھ پہلی وابستگی بھی ہے، جبکہ وہ تقریباً 10 سال بعد دوبارہ کسی ٹی وی پروگرام کی میزبانی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ بگ باس بنگلا کو تقریباً ایک دہائی کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا ہے اور اس کے تیسرے سیزن کی میزبانی کے لیے سارو گنگولی کو منتخب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اداکار سلمان خان بگ باس کے ہندی ورژن کی میزبانی بدستور جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کا 20واں سیزن 6 ستمبر سے شروع ہونے والا ہے۔









