پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نےخیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے خدشات کے پیش نظر کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہوگا، جس میں ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوگا اور خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے بعد کی صورت حال زیر غور آئے گی۔
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کے فیصلے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اب بھی کہتا ہوں کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نہیں لگا سکتی، ایمرجنسی لگانا وفاقی حکومت کا سب سے بڑا احمقانہ فیصلہ ہوگا۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ایمرجنسی لگانے کی باتیں پی ٹی آئی کو دباؤ میں لانے کے لیے ہو رہی ہیں لیکن کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور مطالبات منوانے تک لانگ مارچ جاری رہے گا۔
حکومت پی ٹی آئی کے مطالبات تسلیم کرے اور عمران خان سے ملاقات کرا دے تو سارے مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔









