وسطی جاپان میں 5.7 شدت کے زلزلے(earthquake) کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث کئی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور شہری اپنی جان بچانے کے لیے عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
مقامی میڈیا اور حکام کے مطابق زلزلے کے باعث مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو مقامی وقت کے مطابق زلزلہ رات 1 بج کر 4 منٹ پر مغربی شیزوکا پریفیکچر میں آیا، جس کی گہرائی تقریباً 40 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
مزیدپڑھیں:شانگلہ: پولیس کانسٹیبل کی موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا بارودی مواد پھٹ گیا، اہلکار شہید
خبر رساں ادارے کیوڈو کے مطابق حکام نے بتایا کہ آئچی اور شیزوکا پریفیکچرز میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے بعد سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔
جاپانی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران ممکنہ شدید زلزلوں کے لیے تیار رہیں، بالخصوص اگلے 2 سے 3 روز کے دوران مزید طاقتور جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔








