پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری(General Ahmed Sharif Chaudhry) نے واضح کیا ہے کہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس الائنس کے تحت طے پانے والے اجتماعی دفاعی وعدوں پر عمل درآمد کے اگلے مرحلے میں سعودی عرب کے اندر فوجی صلاحیتوں اور طے شدہ دستوں کی فوری تعیناتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عرب اخبار ’الشرق الاوسط‘ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ترجمان پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ حالات اور دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے اور مکہ الائنس کی روشنی میں پاکستان مملکتِ سعودیہ کے دفاع کے لیے تمام ضروری دفاعی اقدامات اٹھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور ارضی سالمیت کا عزم مطلق اور ناقابلِ مذاکرات ہے۔
پاکستانی دستے مختلف صلاحیتوں کے ساتھ سعودی عرب میں موجود ہیں
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پاکستانی دستے پہلے ہی مختلف صلاحیتوں کے ساتھ سعودی عرب میں موجود ہیں جن کا بنیادی مشن دفاعی معاونت، مشقیں اور فوجی کرتب انجام دینا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد دفاعی مقاصد کے لیے درکار ضروری تعاون فراہم کرتا رہے گا، چاہے اس کا تعلق فوجی عملے، دفاعی صلاحیتوں، تربیت یا عسکری و لاجسٹک معاونت سے ہو۔
مزیدپڑھیں:ازبکستان کی پاکستان کو بیجوں، باغبانی اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں تکنیکی تعاون کی پیشکش
فضائی اور میزائل دفاع سمیت اضافی صلاحیتوں کی فراہمی یا فوجی موجودگی کو بڑھانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عسکری اتحادوں میں فوجیوں کی تعداد، تعیناتی کے مقامات اور آپریشنل تفصیلات کو عام نہیں کیا جاتا، تاہم ضرورت کے مطابق لازمی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔
حرمین شریفین کا دفاع پاکستان کی اعلیٰ ترین اور غیر مشروط ترجیح ہے
مکہ الائنس کے تحت عسکری اقدامات پر بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ اس اتحاد کے وعدوں پر عمل درآمد کا فیصلہ سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حالیہ حملوں کے بعد کیا گیا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، شہروں اور شہری و معاشی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور ارضی سالمیت کے ساتھ ساتھ علاقائی استحکام اور شہریوں کی جان و مال کے لیے براہ راست خطرہ قرار دیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کا دفاع پاکستان کی اعلیٰ ترین اور غیر مشروط ترجیح ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے خطے میں تناؤ میں کمی اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل پر بھی زور دیا۔
فیلڈ مارشل کا دورۂ تہران
تہران میں ہونے والے مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس الائنس کے نمائندوں اور ایران کے درمیان 26 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس کا مقصد کشیدگی میں کمی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک فریم ورک تشکیل دینا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جوائنٹ چیفس آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اس اجلاس میں شرکت اور ان کا چند روز قبل کا دورہ تہران اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان خطے میں مذاکرات اور پرامن حل کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ستمبر میں طے پانے والا دو طرفہ مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات اور باہمی تعاون کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ پر مشتمل مکہ جوائنٹ ڈیفنس الائنس ایک سہ فریقی فریم ورک ہے جو اجتماعی دفاع اور مشترکہ تیاری کے لیے قائم کیا گیا ہے اور یہ دونوں معاہدے مکمل طور پر دفاعی نوعیت کے ہیں۔








