عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) نے پاکستان پر پٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کے لیے زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت مستقبل میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے پر عوام کو ریلیف دینا چاہے تو یہ امداد محدود، عارضی اور صرف مستحق طبقے تک ہونی چاہئے۔
پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی والے طبقے کو تحفظ دینے کے لیے ستمبر میں ایندھن پر سبسڈی سکیم شروع کی تھی جس کے تحت موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کو ہفتہ وار 500 روپے مالیت کا پٹرول ٹوکن فراہم کیا جاتا ہے جب کہ 800 سی سی تک انجن والی گاڑیوں کے مالکان کو ہر 10 روز میں زیادہ سے زیادہ 10 لیٹر پیٹرول پر فی لٹر 100 روپے رعایت دی جاتی ہے۔
آئی ایم ایف کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں جاری ایندھن کی سبسڈی اسکیم کو اس کے وسیع دائرہ کار اور زیادہ اخراجات کے باعث مرحلہ وار ختم کیا جانا چاہئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں توقع سے زیادہ بڑھتی ہیں تو مستقبل میں دی جانے والی کسی بھی مالی معاونت کو محدود مدت کے لیے مخصوص طبقات تک رکھا جائے اور اس کے اخراجات مالی سال 2027-2026 کے منظور شدہ بجٹ کی حدود میں پورے کیے جائیں۔
آئی ایم ایف ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت یہ وعدہ کر رکھا ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے نرخوں کے مطابق رکھی جائیں گی تاہم اس دوران کمزور اور مستحق طبقے پر پڑنے والے اثرات کم کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
آئی ایم ایف ترجمان نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ پاکستان کی معاشی صورتحال کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے کیونکہ ملک خلیجی ممالک سے تیل اور گیس کی درآمدات پر انحصار کرتا ہے، آبنائے ہرمز کی بندش اور عالمی جہاز رانی میں رکاوٹوں نے ترقی پذیر ممالک کی معاشی ترقی کے امکانات کو متاثر کیا ہے جب کہ تیل کی بلند قیمتوں سے پاکستان میں مہنگائی کا دباؤ پہلے ہی بڑھ چکا ہے۔
مزیدپڑھیں:لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر، بہاولپور پاکستان میں پہلے نمبر پر آگیا
پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر میں قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر 9.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ستمبر میں مہنگائی کی شرح 10.3 فیصد تھی۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کا اتار چڑھاؤ برقرار رہنے سے پاکستان کے معاشی مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔پاکستان کی پالیسی ترجیحات میں معاشی استحکام برقرار رکھنے، سرکاری مالیات بہتر بنانے، مسابقت بڑھانے، پیداواری صلاحیت میں اضافے، سماجی تحفظ کے نظام اور انسانی وسائل کو مضبوط بنانے پر توجہ برقرار رہنی چاہیے۔
آئی ایم ایف نے سرکاری اداروں میں اصلاحات، عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے اور توانائی کے شعبے کو مالی طور پر مستحکم کرنے پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ آئی ایم ایف نے کراچی اور اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے مذاکرات کے بعد پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ کیا تھا جس کی منظوری عالمی مالیاتی ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ سے ہونا باقی ہے۔منظوری کی صورت میں پاکستان کو توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر جب کہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) کے تحت 21 کروڑ ڈالر ملنے کی توقع ہے۔
اس طرح پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مجموعی ادائیگیاں تقریباً 5 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔
آئی ایم ایف ترجمان کے مطابق پاکستان کے لیے ای ایف ایف اور آر ایس ایف کے جائزوں اور 2026 کے آرٹیکل فور مشاورتی عمل سے متعلق ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اگلے ماہ متوقع ہے، تاہم اس کا انعقاد پروگرام کی شرائط پوری ہونے سے مشروط ہوگا تاہم ترجمان نے ان شرائط کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔








