بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرار دادمسجد نبوی سےمتصل میوزیم میں رکھنے کیلئے پیش کر دی گئی

مکہ مکرمہ: سپیکر راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں روضہ رسول ؐ پر حاضری دینے والے وفد نے قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرار دادمسجد نبوی سےمتصل میوزیم میں رکھنے کے لئے ڈائریکٹر جنرل سعادۃ یحییٰ بِن عطیۃ الکنانی کو پیش کی۔
قومی اسمبلی کی 2016ء میں متفقہ طور پر پاس کردہ قرار داد کےمطابق ہر سال اعلی سطحی وفد ربیع الاول میں اپنے خرچ پرروضہ رسولؐ پر حاضری دیتا ہے اور پوری قوم کی طرف سے سلام عقیدت پیش کرتا ہے۔ عربی اور انگریزی میں تیار کردہ قرار دادممبر قومی اسمبلی محترمہ شہناز سلیم ملک ، سیکرٹری اعلی سطحی وفدچوہدری مختار احمد اور پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ رضیہ سلطانہ نے پیش کی۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی شہناز سلیم ملک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب یکجان اور دو قالب ہیں اور دونوں برادر اسلامی مُلک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ پیار محبت کے ساتھ پیش آتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ حرمین شریفین ہماری عقیدتوں کا مرکز ہے جس کا عکاس 2016ء میں قومی اسمبلی کی پاس کردہ یہ قرارداد ہے کہ ہر سال 12 ربیع الاول میں پاکستان کے اعلیٰ ترین ادارے کے ارکان پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفدروضہ رسول ؐ پر حاضری دینے آتا ہے اور 2016ء سے لے کر اب تک باقاعدگی سے ہر سال وفد پاکستان سے روضہ رسول ؐ پر پہنچ کر حکومت پاکستان اور پوری قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے وفد روضہ رسول ؐپر پہنچ کر عقیدتوں کا نذرانہ پیش کرتا ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری وفد چوہدری مختار احمد نے کہا کہ رابطہ عالمِ اسلامی مسلم امہ کی عظیم الشان خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے رابطہ عالم اسلامی کو عظیم الشان نمائش کی سہولت فراہم کی۔
ڈائریکٹر جنرل سعادۃ یحییٰ بِن عطیۃ الکنانی نے وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عنقریب اس طرح کا ایک میوزیم پاکستان میں بھی قائم کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل میوزیم نے خوش دلی سے فریم شُدہ قرار داد وصول کی جومسجد نبوی ؐ سےمتصل میوزیم میں رکھی جائے گی۔