کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں ٹی وی اداکارہ وینا کپور کو ان کے بیٹے نے جائیداد کے تنازع پر قتل کر دیا ہے۔ خلیجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، 74؍ برس کی وینا کپور کو ان کے بیٹے نے سر میں بیس بال کے بیٹ مار کر قتل کیا اور ان کی لاش دریا میں پھینک دی۔ واقعہ ممبئی کے مہنگے علاقے ویلے پارلے میں پیش آیا۔ جوُہوُ پولیس نے مقتولہ کے بیٹے سچن کپور اور ملازم لالو کمار منڈل عرف چھوٹوُ کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، ہائوسنگ سوسائٹی کے سیکورٹی سپروائرز نے پولیس کو اطلاع دی کہ سوسائٹی کی ایک عمر رسیدہ خاتون غائب ہوگئی ہیں جس پر پولیس نے فوری تحقیقات شروع کرکے مقتولہ کی موبائل لوکیشن ٹریس کی اور بلڈنگ کے قریب ہی دریا کے کنارے ان کی لاش برآمد کرلی۔ اگلے ہی دن پولیس نے مقتولہ کے بیٹے اور ملازم کو تھانے طلب کیا تو انہوں نے اعترافِ جرم کر لیا۔ مقتولہ کا ایک اور بیٹا امریکا میں مقیم ہے، جسے واقعے کی اطلاع دیدی گئی ہے جبکہ قاتل بیٹے سچن کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بھارتی ٹی وی اداکارہ وینا کپور کو بیٹے سچن کپور نے قتل کرکے لاش دریا میں بہا دی








