بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

الیکشن جیتے تو مخلوط حکومت بناؤں گا، بلاول نے وزیراعظم بننے کا اشارہ دیدیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) الیکشن جیتے تو مخلوط حکومت بناؤں گا، بلاول نے وزیراعظم بننے کا اشارہ دیدیا، جمعہ کو ڈیووس میں جیوپولیٹیکل صورتحال میں سیکیورٹی اور کوآرڈینیشن کے موضوع پر مکالمہ کے دوران اظہار خیال اور واشنگٹن پوسٹ کو انٹرویو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کیساتھ مل کر کام کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کیے، ہم نہیں کرینگے دنیا کو موسمیاتی تبدیلی سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کو فوڈ سیکیورٹی اور توانائی کے مسائل درپیش ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تیسری دنیا کی معیشتیں اس وقت دباؤ کا شکار ہیں، دنیا بھر میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، روس یوکرین جنگ کے اثرات خطہ سمیت پوری دنیا پر مرتب ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یوکرین روس تنازعہ کا واحد حل سفارتکاری ہے، خطہ میں تنازعات کے حل کیلئے مثبت سوچ اپنانا ہو گی۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ جنگ سے غربت، افلاس اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں ملا، یوکرین معاملے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہوتا ہے لیکن افسوس ہے مغرب کے لیے کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں محض کاغذی رہ جاتی ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ممالک کے درمیان ہر متنازع معاملہ اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

مکالمہ کے شرکا نے کہا روس اور یوکرین کو امن کیلئے بات چیت کا راستہ اپنانا ہو گا۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے اثرات خطہ سمیت پوری دنیا پر مرتب ہوئے ہیں، دنیا کو مسائل کے حل کیلئے باہمی تعاون سے چلنا ہو گا۔