بدین (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نگراں حکومت پالیسیز نہیں بناسکتی، کیئر ٹیکر حکومت چیئر ٹیکر نہ بنے۔
بدین میں بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سکندر میندھرو پیپلز پارٹی کا اثاثہ تھے، بدین کےعوام نے محبت کے ساتھ استقبال کیا، پیپلز پارٹی کے کارکن جگہ جگہ استقبال کر رہے ہیں، نظر آرہا ہے کہ کارکن الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی، بلدیاتی انتخابات میں واضح پیغام دیا گیا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام پریشان ہیں کہ کھانےکابندوبست کیسے کریں، بزرگوں کا علاج اور بچوں کو تعلیم کیسے دلائیں، عوام کے مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو وزیراعظم بنے تو ملک میں معاشی بحران تھا، ذوالفقار علی بھٹو نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا، بینظیر نے اقتدار سنبھالا تو افغان جنگ ختم ہوئی تھی، بینظیر بھٹو کو ایک سال ملا، انہوں نے معیشت کی سمت درست کی، مشہور تھا کہ بینظیر آئے گی، روزگار لائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج کی معاشی صورتحال میں قائد عوام کا منشور وقت کی ضرورت ہے، ملکی مسائل کا حل راتوں رات نہیں نکل سکتا، پیپلز پارٹی اقتدار میں ہوگی تو مزدوروں کو ان کا حق ملےگا، کوئی اور حکومت میں آیا تو اشرافیہ کی حکومت ہوگی۔
بلاول نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات ہوتے ہیں تو عوام کو قربانی دینی پڑتی ہے، وقت آگیا ہے کہ عوام پوچھیں ان کیلئے کیا کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بنتا ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو مشکلات کا سامنا کرسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں الزام تراشی پر نہیں، مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہوں، عوام نے ہر سیاسی جماعت کو موقع دیا ہے، ہم تقسیم اور نفرت کی سیاست کے بجائےعوام کے مسائل کا حل چاہتے ہیں، ملکی مسائل کا حل صرف نوجوان قیادت کے پاس ہے۔
بلاول بھٹونے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سی ای سی میں 90دن میں الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا، ملک میں 90دن میں انتخابات ممکن ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد الیکشن کمیشن سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، الیکشن کمیشن کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ لاہور میں پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس ہوگا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی، ڈالر اور چینی کی قیمت کم ہوسکتی ہے تو کریں۔
خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کراچی سے ٹھٹھہ، بدین اور حیدرآباد کے دورے پر ہیں، بلاول بھٹو کے قافلے کا جگہ جگہ زبردست استقبال کیا گیا۔
مراد علی شاہ نے بلاول بھٹو زرداری کی گاڑی ڈرائیو کی۔ استقبال کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کارکنان سے ملاقات کے لئے گاڑی سے اتر آئے۔
بلاول نے بدین میں سکندر میندھرو کی رہائش گاہ پر تعزیت کی، بدین کے بعد وہ حیدرآباد کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کہتے ہیں کہ بلاول بھٹو کسی بھی الیکشن مہم پر نہیں ہیں بلکہ سندھ میں ان کے دوروں کا مقصد تعزیت کرنا ہے۔ بلاول بھٹو مختلف علاقوں میں جاکر تعزیت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا سے کہتا ہوں اپنے کیپشن ٹھیک کرلیں، الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد انتخابی مہم شروع ہوگی۔
الیکشن پر بلاول کا زرداری کے بیان سے اظہار لاتعلقی، کیئر ٹیکر حکومت چیئر ٹیکر نہ بنے، پی پی چیئرمین








