لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سانحہ نو مئی کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے 14 مقدمات کی تفتیش مکمل کرلی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 10نامزد مقدمات میں قصور وار قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 9مئی کے مقدمات کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی نے 14 مقدمات کی تفتیش مکمل کرلی ہے۔ ذرائع جے آئی ٹی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف مرکزی مقدمہ 96/23 کا چالان دو ہزار صفحات پر مشتمل ہے، چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف سوشل میڈیا سے متعلق چار سو سے زائد شواہد ملے، گرفتار ملزمان کے بیانات اور نشاندہی پر چئیرمین کو گنہگار قرار دیا گیا۔
جے آئی ٹی حکام کے مطابق جناح ہاؤس حملے میں براہ راست ملوث 80 ملزمان کے بیانات میں سازش کا عنصر واضح ہوا، نو مئی کے واقعات پر دوران تفتیش براہ راست سازش کے شواہد بھی ملے، چیئرمین پی ٹی آئی کے اپنے بیانات حالات سے متضاد پائے گئے۔
جے آئی ٹی کے مطابق دیگر نو مقدمات میں بھی ٹھوس شواہد کی روشنی میں چیئرمین پی ٹی آئی گنہگار قرار پائے، چودہ مقدمات کا چالان جلد عدالت میں جمع کروادیا جائے گا۔
سانحہ 9مئی کے 14 مقدمات کی تفتیش مکمل، عمران خان 10 کیسز میں قصوروار قرار








