اسلام آباد: ملک میں کاروں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ (جولائی تا دسمبر 2023ء) میں سالانہ بنیادوں پر 56 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ (جولائی تا دسمبر 2023ء) میں ملک میں کاروں کے 30 ہزار 662 یونٹس فروخت ہوئے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 56 فیصد کم ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ملک میں 68 ہزار 912 کاریں فروخت ہوئیں، دسمبر 2023ء میں ملک میں 4 ہزار 916 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو دسمبر 2022ء کے 13 ہزار 780 یونٹس کے مقابلے میں 64 فیصد کم ہیں۔
آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق نومبر 2023ء کے مقابلے میں دسمبر 2023ء میں کاروں کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر ایک فیصد کی نمو ہوئی، نومبر میں ملک میں 4 ہزار 875 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو دسمبر میں بڑھ کر 4 ہزار 916 یونٹس ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق ہونڈا سوک اور سٹی کی رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 3 ہزار 938 یونٹس فروخت ہوئے جو جولائی تا دسمبر 23-2022ء کے 8 ہزار 906 یونٹس کے مقابلے میں نصف سے بھی کم ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹویوٹا کرولا اور یارس کی فروخت بھی 56.24 فیصد گر گئی، جو گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 12 ہزار 65 تھی جو رواں مالی سال جولائی تا دسمبر 5 ہزار 279 یونٹس رہی۔









