پاکستان میں ہونے والی جلیبیوں کی ”تھری ڈی پرنٹنگ“ نے بھارت کے ماہر انجینئرز کو بھی حیران کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک نوجوان کو مشین کے زریعے جلیبیاں بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس ویڈیو کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ یہ پاکستان کے شہر فیصل آباد ”پیپل باٹا جلیبی والا“ کے نام سے ایک دکان کی ہے۔
ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک بھارتی صنعت کار آنند مہندرا نے کہا کہ ’میں ایک ٹیک بف (ٹیکنالوجی کا شوقین) ہوں۔ لیکن میں اعتراف کرتا ہوں کہ تھری ڈی پرنٹر نوزل کا استعمال کرتے ہوئے جلیبیاں بنتے دیکھ کر مجھے ملے جلے احساسات کا سامنا کرنا پڑا‘۔
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے پیپل باٹا جلیبی والا کی ویڈیو ابتدائی طور پر ایک انسٹاگرام صارف نے شیئر کی تھی۔ چالیس سیکنڈ کے اس کلپ میں تھری ڈی پرنٹر نوزل کی مدد سے تازہ جلیبیاں بناتے ہوئے دکھایا گیا۔








