بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کی طرف اٹھنے والی میلی آنکھ نکال دیںگے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمداسحاق ڈار نے کہاہے کہ ہمارا نیوکلیئر اور میزائل پروگرام ہماری اپنی حفاظت کیلئے ہے ، جو کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کی آنکھ نکال لی جائے گی جبکہ پاکستانی قوم متحد ہے اور اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا، ہم اب بھی الرٹ ہیں۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے دوٹوک الفاظ میں واضح  کیا کہ اگر کسی نے کوئی حرکت کی تو اسے پہلے کی طرح جواب ملے گا، پاکستان کا ایٹمی پروگرام آئندہ نسلوں کی امانت ہے اور اس کے تحفظ کا فرض ہم سب مل کر نبھائیں گے۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارنے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایٹمی اور میزائل قوت سے نوازا ہے جو پاکستان کے دفاع اور خطے میں استحکام کے لیے ہے۔
انہوں نے ایرانی ایٹمی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جرم ہے اور ایسی حرکتوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔
اسحاق ڈارنے بھارت کے بالادستی کے خواب کے دفن ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو تباہی کے بعد ہوش آیا اور اس نے جنگ بندی کے لیے امریکہ سے رابطہ کیا۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان نے اسرائیل پر ایٹمی حملے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا اور اس حوالے سے فیک نیوز پھیلائی گئیں جبکہ انہوں نے برطانوی اخبارات میں اس فیک نیوز کے شائع ہونے کی بھی نشاندہی کی۔
انہوں نے بتایا کہ 13 جون کے بعد سے کئی جعلی خبریں سامنے آئیں، جن میں نیتن یاہو کا 2011 کا انٹرویو شامل ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ جنگ کوئی مذاق نہیں اور نہ ہی یہ بچوں کا کھیل ہے بلکہ ایک سنجیدہ قسم کی جنگ ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بہت سی غلط اور گمراہ کن خبریں پھیل رہی ہیں اس لیے ہمیں احتیاط کرنی ہوگی اور فیک نیوز کے حوالے سے چیزوں کو واضح کرنا چاہیے۔
خطے کے حالات کے بارے انہوں نے بتایا کہ عمان اور ایران کے وزرائے خارجہ نے انہیں مسلسل اپ ڈیٹ کیا جبکہ ایرانی وزیر خارجہ نے مذاکرات کے دوران ان سے رابطہ رکھا۔
اسحا ق ڈار نے کہاکہ میں نے ایران کے وزیر خارجہ سے پہلے حملےکے بعد بات کی تو انہوں نےکہا کہ اس کا تو ہم جواب دیں گے لیکن اس کے بعد اگر اسرائیل نے دوبارہ حملہ نہ کیا تو مذاکرات کی میز پر آنےکو تیار ہیں،ہم نے ایران کی بات آگے ممالک سےکی اب بھی وقت ہے اسرائیل کو روکا جائے تو ایران تیار ہے، ہم نے کہا کہ مذاکرات میں ہم ان کی سہولت کاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی میٹنگ میں پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا جس پر ایران نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔