اسلام آباد: صدرِ آصف علی زرداری سے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔وزیرِ اعظم نے صدرِ مملکت کو اپنے حالیہ سرکاری دورۂ متحدہ عرب امارات اور وفاقی بجٹ کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی بجٹ میں عام آدمی، خصوصاً محنت کشوں اور کم آمدنی والے طبقات کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار، پینشنرز، مزدور اور پسماندہ طبقات کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔صدرِ مملکت نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور کمزور طبقات کی معاونت کے لیے سماجی تحفظ کی اسکیموں کے فروغ پر زور دیا۔
صدرِ مملکت سے وزیرِ اعظم کی ملاقات، سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال








