بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیلڈمارشل،ٹرمپ ملاقات کئی ماہ کی کوششوں کانتیجہ،غیرروایتی چینلزمتحرک رہے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)فیلڈمارشل سیدعاصم منیر اورامریکی صدرڈونلڈٹرمپ کے درمیان روایتی سفارتی ذرائع سے طے نہیں پائی بلکہ کچھ مشیروں، کاروباری شخصیات اور بااثر افراد کی غیرروایتی کوششوں کا نتیجہ تھی۔ایک قومی انگریزی روزنامے کی ر پورٹ کے مطابق فیلڈمارشل اور امریکی صدرکی ملاقات واشنگٹن کے مقامی وقت کے مطابق د ن ایک بجے شروع ہوئی اور دو گھنٹے تک جاری رہی۔ اس سے چند گھنٹے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اس دعوے پر ردعمل دیا تھا کہ امریکا نے رواں سال مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ ماضی میں پاکستان کے فوجی حکمران   جیسے فیلڈ مارشل ایوب خان، جنرل ضیاء الحق اور جنرل پرویز مشرف   امریکی صدور سے صرف اس وقت ملے جب وہ ملک کے سربراہ بن چکے تھے، سابق امریکی صدر باراک اوباما نے بھی جنرل اشفاق پرویز کیانی کے ساتھ وائٹ ہاؤس کی ایک ملاقات کے دوران مختصر طور پر شرکت کی تھی، تاہم وہ ملاقات بھی باضابطہ نہیں تھی۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران اس ملاقات سے متعلق سوال پر صدرٹرمپ نے کہا کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات تھی کہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیر  سے ملاقات ہوئی۔  ایران اسرائیل تنازع پر گفتگو سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ  پاکستانی ایران کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں، اکثر ممالک سے بہتر، اور وہ کسی بھی معاملے سے خوش نہیں ہیں۔ یہ نہیں کہ ان کے اسرائیل سے تعلقات خراب ہیں۔ وہ دونوں کو جانتے ہیں  مگر ایران کو زیادہ قریب سے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ان سے متفق تھے۔ ان سے ملاقات کی ایک بڑی وجہ یہ تھی کہ میں انہیں اس بات پر شکریہ کہنا چاہتا تھا کہ انہوں نے بھارت کے ساتھ جنگ کی طرف نہیں گئے۔  وائٹ ہاؤس کی ترجمان انا کیلی نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صدر ٹرمپ کو ایٹمی جنگ روکنے پر نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی اپیل کی تھی، جس کے بعد صدر نے انہیں مدعو کیا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات روایتی سفارتی ذرائع سے طے نہیں پائی بلکہ کچھ مشیروں، کاروباری شخصیات اور بااثر افراد کی غیرروایتی کوششوں کا نتیجہ تھی۔ واشنگٹن میں سفارتی ذرائع کے مطابق اس منصوبے پر کئی مہینے سے خاموشی سے کام ہو رہا تھا، جسے اس وقت تک خفیہ رکھا گیا جب تک وائٹ ہاؤس نے منگل کو صدر ٹرمپ کا شیڈول جاری نہ کیا۔ انسداد دہشت گردی کے شعبے میں گہرا تعاون، کرپٹو سے منسلک اثرورسوخ رکھنے والے نیٹ ورکس سے روابط اور ری پبلکن پارٹی سے منسلک لابنگ فرمز کے ذریعے کی گئی سفارتی کوششوں کی بدولت پاکستان اس ملاقات کو ممکن بنا سکا۔ ورکنگ لنچ میں دونوں طرف سے سینئر مشیروں نے شرکت کی۔ باخبر حلقوں کے مطابق اس ملاقات کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو شاید امریکہ-پاکستان تعلقات کے ایک نئے دور کی نوید ہو۔ جنوبی ایشیا کے ماہر مائیکل کوگلمین کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ،عاصم منیر ملاقات کو صرف ایران،اسرائیل جنگ کے تناظر میں دیکھنا درست نہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان قیمتی معدنیات، کرپٹو اور انسداد دہشت گردی جیسے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ ٹرمپ ان تمام شعبوں میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں، اور سیدعاصم منیر کو ان سب پر بات کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ ساتھ ہی کشمیر بھی زیر بحث آیا۔