بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیلڈ مارشل  سے اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی رکن سائمہ سلیم  کی ملاقات،اہم معاملات سے آگاہ کیا

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)سے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نمائندہ مشن کی رکن سائمہ سلیم نے ملاقات کی۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈمارشل نے سائمہ سلیم سے خوشگوار اور حوصلہ افزا ملاقات کی، جو بینائی سے محروم ہونے کے باوجود اپنی غیر معمولی ہمت اور لگن سے بین الاقوامی سفارت کاری میں نمایاں مقام حاصل کر چکی ہیں۔   فیلڈمارشل نے ان کی غیر معمولی صلاحیت، انتھک محنت اور اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مفادات کے فروغ میں ان کی شاندار خدمات کو سراہا۔
فیلڈمارشل نے سائمہ سلیم کے عزم اور حوصلے کی تعریف کی، جو قوم کے لیے، بالخصوص معذور افراد کے لیے، ایک روشن مثال ہیں۔ انہوں نے معذور افراد کی حوصلہ افزائی اور ان کے قومی ترقی میں کردار کو فروغ دینے کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
سائمہ سلیم نے اقوامِ متحدہ میں اپنے کام کے حوالے سے فیلڈمارشل کو آگاہ کیا اور پاکستان کو درپیش اہم مسائل اور چیلنجز پر بریفنگ دی۔فیلڈمارشل نے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کے مؤقف کے فروغ، بالخصوص بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی جیسے خطے میں عدم استحکام کے بنیادی سبب کو اجاگر کرنے پر ان کی کوششوں کو سراہا۔
یہ ملاقات اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے شہری، چاہے کسی بھی جسمانی کمی کا شکار ہوں، اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور خلوصِ نیت سے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔   سائمہ سلیم نے آرمی چیف کو اپنا ادبی کام بھی پیش کیا۔