سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 2 دہشت گردوں کو ہلاک جب کہ دو کو گرفتار کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 28 جون کو سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بلوچستان کے ضلع ڈوکی میں ایک آپریشن کیا، کارروائی کا مقصد بھارت کی پراکسی تنظیم “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرنا تھا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، اپریشن کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد واصلِ جہنم کر دیئے گئے جبکہ دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، گرفتار دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ پاک فوج ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے قومی عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 2 دہشت گرد ہلاک، 2 گرفتار








