بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ، 14 جاں بحق

ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشیں 14 جانیں لے گئیں، بارشوں سے حادثات میں 14 افراد زخمی بھی ہوئے۔
خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں سے حادثات میں بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوئے، کوہاٹ میں مکان کی چھت گرگئی، جسکے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

مالاکنڈ میں دیوار گرنے سے 2 بہنیں چل بسیں، جمرود میں 2 بچیاں سیلاب کی نذر ہوگئیں جب کہ لکی مروت میں 4 بچے جوہڑ میں ڈوب گئے۔

عارفوالا میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے لڑکا اور لڑکی جاں بحق اور ایک لڑکی زخمی ہوگئی جبکہ بہاولنگر میں مدرسے کی چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر 2 بچے جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔

کوہ سلیمان پر ندی نالے بپھر گئے، ریلے دریائے سندھ میں داخل ہوگئے، جس کے نتیجے میں کچے کی کئی بستیاں زیرآب آگئیں، رہائشیوں نے نقل مکانی شروع کردی جب کہ تربیلا اور منگلا ڈیم میں بھی پانی سطح بلند، ریلیف کیمپ قائم کردیے گئے۔

بلوچستان میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، کوہلو اور صحبت پور میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

صادق آباد، کوٹ ادو، کمالیہ اور ساہیوال میں برسات سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ قصور، ڈی جی خان، راجن پور، تونسہ، شیخوپورہ، جیکب آباد، پاکپتن اور دیپالپور میں بارش سے سڑکیں تالاب میں تبدیل ہوگئیں۔

اس کے علاوہ شرقپورشریف، صادق آباد، کمالیہ، ساہیوال، کوٹ ادو میں بھی نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔