بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان کوجیل میں حاصل سہولیات عام قیدیوں سے کہیں زیادہ

اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو فراہم کی گئی سہولیات کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات حاصل ہیں، بلکہ ان سہولیات کا معیار عام قیدیوں سے کہیں زیادہ ہے۔

سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو خوراک، صحت کی سہولیات، کتابیں، روزانہ اخبارات، چہل قدمی اور ورزش کے لیے مکمل سہولت دی جا رہی ہے۔ عمران خان کو سات سیلز پر مشتمل ایک علیحدہ کمپلیکس میں رکھا گیا ہے جہاں کھلے صحن کی سہولت بھی موجود ہے تاکہ وہ واک کرسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو جیل میں ایکسرسائز سائیکل، ایل ای ڈی، ذاتی کتب اور روزانہ اخبارات کی سہولت حاصل ہے۔ حتیٰ کہ انہیں کھانے کی تیاری کے لیے قیدی باورچی کی سہولت بھی میسر ہے، جو کسی عام بی کلاس قیدی کو دستیاب نہیں ہوتی۔

عبدالغفور انجم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے دوران حراست 413 مرتبہ ٹوئٹر (ایکس) پر پیغامات جاری کروائے جن میں سیاسی کارکنوں کو ہدایات دی گئیں۔ ان پیغامات میں عام انتخابات، سمبڑیال ضمنی الیکشن، 26 نومبر کے احتجاج اور حکومتی مذاکرات جیسے موضوعات شامل تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی ہدایات سوشل میڈیا کے ذریعے جاری کیں۔ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران عمران خان کے بیانات 45 بار قومی میڈیا کی سرخیوں کا حصہ بنے۔

جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اس عرصے میں بین الاقوامی میڈیا کے متعدد معروف اداروں سے بھی انٹریکشن کر چکے ہیں، جن میں فاکس نیوز، وال اسٹریٹ جرنل، آئی ٹی وی، رائٹرز اور ٹیلی گراف شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، وہ جیل ٹرائلز کے دوران مین اسٹریم میڈیا اور قومی اخبارات سے بھی براہ راست مخاطب رہے۔