اسلام آباد (طارق محمود سمیر )خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے اور الیکشن کمیشن جلد بلا مقابلہ کامیاب ہونے والے امیدوا روں کا اعلان کر دے گا ۔ تحریک انصاف کے ساتھ اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کے مذاکرات کے کئی دور ہوئے جن میں یہ طے پایا ہے کہ 11میں سے 6نشستیں تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کے حصے میں آئیں گی جب کہ 5 نشستیں اپوزیشن جماعتوں کو دے جائیں گی ۔
روزنامہ ممتاز کو ان مذاکرات میں شریک ایک اہم رہنما نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور کسی بھی وقت باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے ان میں اعظم سواتی جنرل نشست سے ، دلاور خان جنرل نشست سے ، مہوش علی خواتین نشست سے جبکہ شفقت ایاز ، فیض الرحمن ، اظہر مشوانی اور آصف رفیق نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے فارم پر دستخط کر کے پارٹی قیادت کو دے دیئے ہیں جو کسی بھی وقت الیکشن کمیشن پشاور میں جمع کرا دیئے جائیں گے ۔
اضافی امیدواروں کے میدان سے دستبردار ہونے کے بعد 11نشستوں پر جن امیدواروں کو الیکشن کمیشن کی طرف سے کامیاب قرار دیا جائے گا ان میں تحریک انصاف کے روپوش رہنما سابق وفاقی وزیر مراد سعید ،سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی ، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری ،سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی ، فیصل جاوید اور خواتین کی نشست پر روبینہ ناز شامل ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نیاز خان جو (ن) لیگ کے صوبائی صدر اور وفاقی وزیر امور کشمیر ، انجینئر امیر مقام کے صاحبزادے ہیں وہ بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہو جائیں گے اسی طرح پاکستان پیپلزپارٹی سے جو دو امیدوار میدان میں موجود ہیں ان میں معروف کاروباری اور سماجی شخصیت طلحہ محمود اور خواتین کی نشست پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد شامل ہیں یہ دونوں بھی بلا مقابلہ منتخب ہو جائیں گے جبکہ جے یو آئی کی طرف سے دو امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں جن میں معروف بزنس مین دلاورخان اور مولوی عبدالحق درویش شامل ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں یہ معاہدہ طے پاگیا ہے جبکہ وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) نے صوبائی اسمبلی میں اقلیتی نشست پر ٹاس کرانے کی بجائے یہ نشست جے یو آئی کو دے دی ہے اور اس سلسلے میں تحریری طورپر امیر مقام نے الیکشن کمیشن میں آگاہ کر دیا ہے ۔








