اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان وناسپتی مینوفیکچرر ایسوسی ایشن کی جانب سے گھی ملز بند کرنے کی دھمکی کے بعد ملک میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر عمر ریحان شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے افسران کی گھی ملوں میں تعیناتی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات جمعہ تک منظور نہ کیے گئے تو ملک بھر کی گھی اور تیل ملیں غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی جائیں گی۔
عمر ریحان کا کہنا ہے کہ یہ ہڑتال محض ایک دن کے لیے نہیں بلکہ غیر معینہ مدت کی ہوگی، اور مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں جمعہ کے روز سے ملک بھر میں گھی اور کوکنگ آئل کی سپلائی معطل کر دی جائے گی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایف بی آر کی سخت گیر شرائط واپس لی جائیں اور ایک کاروبار دوست پالیسی اختیار کی جائے تاکہ صنعت کا پہیہ رواں رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر نے سیکشن 40 بی کے تحت ملک بھر کی گھی ملوں میں اپنے اہلکار تعینات کر دیے ہیں، جس سے گھی انڈسٹری میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔
ایسوسی ایشن نے 37 اے، ڈیجیٹل انوائسنگ اور بینکوں میں دو لاکھ روپے تک کی لین دین کی شرط ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ گھی اور کوکنگ آئل کی سپلائی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ صرف مہنگائی کو بڑھاوا دے گی بلکہ سپلائی چین کو بھی متاثر کرے گی، جس کے اثرات براہ راست عوام پر مرتب ہوں گے۔









