پاکستان کے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے استنبول میں ترکی کی اہم انفراسٹرکچر کمپنیوں اور ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ بینک کے وفود کے ساتھ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور تعاون کے مواقع پر بات ہوئی۔
عبدالعلیم خان نے اچ ہولڈنگ کے وفد، جس کی قیادت ٹرانسپورٹیشن اینڈ انفراسٹرکچر گروپ کے سی ای او سیرہات سوئوکپنار نے کی، سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اپنے کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت عالمی سطح کی معروف انفراسٹرکچر کمپنیوں کے ساتھ مضبوط شراکت داری کی خواہشمند ہے۔
وفد نے پاکستان میں مختلف انفراسٹرکچر منصوبوں میں تعاون کے امکانات پر گہری دلچسپی ظاہر کی اور پاکستان و ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر مواصلات نے اس بات پر زور دیا کہ قریبی روابط برقرار رکھے جائیں گے۔
اس کے علاوہ، عبدالعلیم خان نے ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ بینک کے صدر ڈاکٹر محمد ہاشم بت شکن سے بھی ملاقات کی، جہاں ڈاکٹر ہاشم نے بینک کے آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی اور پاکستان میں نجی شعبے کے ساتھ تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ وزیر مواصلات نے وفد کو پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔








