وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بغیر تصدیق شدہ یا جعلی دستاویزات پر کسی مسافر کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
محسن نقوی نے اسلام آباد ائیرپورٹ کا دورہ کیا اور تقریباً دو گھنٹے تک امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا، اس دوران وہ بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے بھی ملاقات کرتے رہے۔
وزیر داخلہ نے 7 نومبر کو امیگریشن پر کم عملے کی شکایت کا نوٹس لیا اور فوری انکوائری کا حکم دیا، جس میں سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تمام صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے مسافروں کو یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں ایسی شکایات کا موقع نہیں ملے گا۔
محسن نقوی نے ویزا ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات بھی جاری کیے اور کہا کہ ایجنٹ مافیا پیسوں کے لالچ میں لوگوں کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہا ہے اور ملک کی بدنامی کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملازمت کا جھانسہ دے کر بیرونِ ممالک بھیجنے والے کسی ایجنٹ کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے زور دیا کہ قانونی اور درست دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو سفر سے نہ روکا جائے، جبکہ جعلی یا غیر تصدیق شدہ دستاویزات سے بیرونِ ملک جانے والے ملک کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگاتے ہیں۔








