کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران لیاری سے دو مشتبہ بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں عدنان عرف ملا شامل ہیں، جو بھتہ مافیا سے منسلک سدیس پپو گروپ کا حصہ ہیں۔ عدنان اپنے ساتھی معاذ کے ساتھ جہان آباد سائٹ ٹاؤن میں مقامی دکانداروں اور دیگر کاروباری افراد سے بھتہ وصول کرنے میں ملوث پایا گیا۔
دوسرا گرفتار ملزم فیصل ہے، جو بھتہ مافیا کے سرغنہ جمیل چھانگا کا قریبی ساتھی ہے۔ فیصل دیگر ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں رہ کر بھتہ وصول شدہ رقوم کی اندرون شہر منتقلی میں ملوث تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں اور گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
کراچی: رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں لیاری سے 2 بھتہ خور گرفتار








