بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نوابشاہ: سود کی ادائیگی کے لیے ماں کا 4 بچوں کو فروخت کرنے کا اعلان

سندھ(Sindh) کے ضلع نواب شاہ کی تحصیل قاضی احمد میں مبینہ سود خوری اور شدید ذہنی و مالی دباؤ سے پریشان ایک خاتون نے اپنے قرض کی رقم ادا کرنے کے لیے اپنے چار بچوں کو فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

متاثرہ خاتون شمشاد بی بی نے مقامی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایک مبینہ سود خور انور شاہ لکھیاری ان سے 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کر رہا ہے، جس کی ادائیگی ان کے پاس موجود وسائل سے ممکن نہیں رہی۔

شمشاد بی بی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ سود خور کی جانب سے مسلسل دباؤ اور رقم کے مطالبے کے باعث وہ اپنے بچوں کو فروخت کرنے جیسے انتہائی اقدام پر مجبور ہو چکی ہیں۔

انہوں نے مزید سنگین الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر اللہ رکھیو کھوکھر کو بھی مبینہ طور پر پولیس کی مدد سے لاپتا کروا دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ان کا خاندان شدید مالی اور نفسیاتی بحران کا شکار ہو چکا ہے۔

مزیدپڑھیں:مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر اسلام آباد پولیس کی آمد اور مبینہ ہراسانی، جے یو آئی کا شدید احتجاج

متاثرہ خاتون نے پریس کانفرنس کے دوران حکومت اور اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔

انہوں نے وزیر داخلہ سندھ، انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ اور ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد سے مطالبہ کیا کہ ان کے لاپتا شوہر کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے، مبینہ سود خور کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے انصاف فراہم کیا جائے۔