بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کینسر کی تشخیص میرے لیے بیداری تھی: انجلین ملک

معروف پاکستانی اداکارہ اور ہدایت کارہ انجلین ملک نے انکشاف کیا ہے کہ کینسر کی تشخیص نے ان کی زندگی کا رخ بدل کر رکھ دیا اور انہیں کئی اہم اسباق سکھائے۔

اداکارہ حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی بیماری کے بعد سیکھے گئے اہم اسباق پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ ایک نئی زندگی ہے کیونکہ جو کچھ میں نے اس سال سیکھا، وہ پہلے کبھی نہیں سیکھا، کینسر کی تشخیص کے بعد میں نے صبر، حوصلے، شکر گزاری اور رشتوں کی اہمیت کو سمجھا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم سب ایک دوڑ میں شامل ہیں جہاں ہم بہت سی اہم چیزوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں، میں نے بھی بہت سے لوگوں اور رشتوں کو نظر انداز کیا لیکن جب مجھے کینسر ہوا تو یہ میرے لیے ایک بڑا جھٹکا تھا، جیسے حقیقت کا سامنا ہوا ہو۔

انجلین ملک نے کہا کہ اس تجربے نے مجھے یہ سکھایا کہ زندگی میں کون سے لوگ واقعی اہم ہیں اور کون مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہتے ہیں، میں نے یہ بھی سیکھا کہ جن چیزوں کے پیچھے ہم بھاگتے ہیں، وہ دراصل کچھ بھی نہیں ہوتیں، کینسر کی تشخیص میرے لیے ایک بیداری تھی۔

واضح رہے کہ انجلین ملک کے مقبول ڈراموں میں راج ہنسنی اور میری آواز سنو شامل ہیں۔

انہوں نے اداکاری کے ساتھ ساتھ ہدایت کاری اور پروڈکشن میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا، ان کے ہدایت کردہ معروف ڈراموں میں کتنی گرہیں باقی ہیں، چھوٹی چھوٹی باتیں، ہم دو ہمارے سو اور مجھے جینے دو شامل ہیں۔

حال ہی میں انہیں ڈرامہ ’میری زندگی ہے تو‘ میں شاندار اداکاری پر سراہا گیا، اداکارہ اس وقت کینسر کے خلاف ہمت کے ساتھ زندگی کی جنگ لڑ رہی ہیں اور زیرِ علاج ہیں۔